گوادر کو حق دو تحریک کا دھرنا جاری، کل خواتین کی ریلی نکلے گی

28 نومبر ، 2021

گوادر (نامہ نگار) گوادر کو حق دو تحریک کا دھرنا تیرہویں روزبھی جاری رہا ، پیر کو خواتین کی ریلی نکلے گی ۔ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے ان دھرنوں , مظاہروں اور ریلیوں کیخلاف جو حکم نامہ جاری کیا اس کو اسکے منہ پر مارینگے ۔ حکومت جتنی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کریگی ہمارااحتجاج اتنا سخت ہوگا ۔ اگر دو تین دنوں کے اندر عملی اقدامات کا مظاہرہ نہیں کیا گیا تو دھرنا گوادر پورٹ گیٹ کے سامنے ہوگا ۔ دھرنے میں مکران کے دیگر اضلاح و علاقوں سے لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا ۔ گوادر پورٹ ۔ سنگار ہاؤسنگ اسکیم اور پی سی ہوٹل جانے والی سڑک مکمل بند ہے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے ۔ احتجاجی دھرنے کے تیرہویں روز خطاب کرتے ھوئے گوادر کو حق دو تحریک کے سربراہ و جماعت اسلامی بلوچستان کےسیکرٹری جنرل مولانا ہدایت الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی ہے، ان ظالموں کیخلاف نوجوانوں، بزرگوں اور ماہی گیروں کو متحد ہوکر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے ۔ سمندر میں ٹرالنگ اور بارڈر کی بندش نے لوگوں کو پریشان و بدحال کردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ لوگ ہمارے دھرنے کے لئےاپنے سمندر کے کام و دیگر مزدوری کو بند نہ کریں انہوں نے کھاکہ پوری پاکستان کے لوگ ہماری حمایت میں نکل چکے ہیں ۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں سمیت لاہور ۔ کراچی ۔ پشاور اور اسلام آباد میں بھی ھمارے حق میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہونے والا ہے ۔ انہوں نےپیر 29 نومبر کو عورتوں کی ریلی نکالنے کا بھی اعلان کیا اور کہاکہ اگر حکومت بلوچستان اب بھی سنجیدہ نہ ہوئی تو عنقریب اوتھل زیرو پوائنٹ ، اورماڑہ زیرو پوائنٹ ۔ پسنی زیرو پوائنٹ ۔ کارواٹ زیرو پوائنٹ اور سربندن زیرو پوئنٹ کو بند کرکے کوسٹل ہائی وے کو جام کردینگے اور ہمارا دھرنے کا کیمپ بھی گوادر پورٹ کے گیٹ کے سامنے لگے گا ۔