بلدیاتی الیکشن میں معذوروں اور خواجہ سراؤں کو مخصوص نشستیں دینے کا مطالبہ

28 نومبر ، 2021

سوات(نمائندہ جنگ)غیر سرکاری تنظیم کا معذورافراد اور خواجہ سراؤں کو بلدیاتی انتخابات میں مخصوص نشستیں دینے کا مطالبہ کردیا۔ صلاحیت اور قابلیت کے باوجود بھی پسماندہ طبقات کو معاشرہ تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔ان خیالات کا اظہار سی آئی پی کی مرکزی چیئرپرسن سیدہ امتیازفاطمہ نے ڈاکٹر یاسمین گل اور سید جمال شاہ کے ہمراہ مینگورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سماجی رہنما سرزمین خان بھی موجود تھے۔امتیاز فاطمہ نے کہاکہ معذور افراد کے حوالے سے ہم یورپ کی مثالیں تو دیتے ہیں لیکن خودپاکستان میں ہمیں نظر اندازکیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ سینٹ،قومی وصوبائی اسمبلی اور بلدیات میں ہر طبقے اورمذہب کے لوگوں کو مخصوص نشستیں دی جاتی ہیں لیکن پندرہ فیصد ہونے کے باوجود بھی معذورافراد اور خواجہ سراؤں کو یکسرنظر اندازکیاکیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ معذورافراد میں اعلیٰ تعلیم یافتہ اور باصلاحیت مردوخواتین موجود ہیں جو ملک کے لئے خدمات انجام دیناچاہتے ہیں۔