تحویل میں لیے گئے منڈی بہائو الدین کے ڈی سی طارق بسرا اور اے سی امتیاز بیگ ہفتے کو بھی جیل منتقل نہیں کئے گئے، ذرائع

28 نومبر ، 2021

منڈی بہاؤالدین( نمائندہ جنگ) کنزیومر کورٹ سےہتک آمیز رویہ پرجمعہ کے روز تین تین ماہ کی سزا پاکر جیل بھجوانے کے حکم پر عملدرآمد کیلئے ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا اور اسسٹنٹ کمشنر امتیاز بیگ کو ہفتے کے روز بھی گجرات جیل منتقل نہیں کیا گیا۔ عدالتی فیصلے کے بعد پولیس نے ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کو اپنی تحویل میں لے لیا تھا ۔پولیس ذرائع کی جانب سے اس ضمن میں مزید کارروائی کی تفصیلات سے آگاہ کرنے سے گریز کیا جارہا ہے۔ ذرائع کا کہنا کہ دونوں افسران کو مبینہ طور پر ہفتےکے روز بھی گجرات جیل میں منتقل نہیں کیا گیا ۔ واضح رہے کہ عدالتی ذرائع کے مطابق کنزیومر کورٹ میں ایک سرکاری ملازم کو سرکاری کوارٹر کی الاٹمنٹ سے متعلق زیر سماعت مقدمہ کے سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا اور اسسٹنٹ کمشنر امتیازبیگ کو پی پی سی 228 کے تحت شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔