ریلی کیس، کیپٹن صفدر کے وارنٹ جاری

28 نومبر ، 2021

راولپنڈی(نمائندہ جنگ)سول جج راولپنڈی اسجد چوہدری نے کیپٹن صفدر کی نیب گرفتاری کیخلاف راولپنڈی میں 2019 میں نکالی گئی احتجاجی ریلی کے مقدمہ میں ملوث مسلم لیگ کے سابق ایم این اے ملک ابرار احمد کو غلطی سے جاری ہونے والے وارنٹ گرفتاری واپس لے لئے۔ گزشتہ روز ملک ابرار عدالت پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ وہ اس مقدمہ سے بری ہو چکے ہیں جس پر انہیں بتایا گیا کہ صرف غیر حاضر کارکنوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے تھے تاہم عملے کی غلطی کے باعث ایف آئی آر میں نام ہونے کے باعث آپ کے بھی وارنٹ جاری ہوگئے، عدالت نے دیگر 15 کارکنوں کے خلاف مقدمہ کی سماعت11 دسمبر تک ملتوی کر دی، بعدازاں اسی مقدمہ کے دیگر ملزمان سابق ایم پی اے ضیاء اللہ شاہ، وائس چیئرمین یوسی مقبول احمد خان، ملک افتخار، شاہد غفور پراچہ وغیرہ نے بھی عدم ثبوت پر بریت کی درخواستیں دائر کر دیں۔ ادھر عدالت نے غیر حاضر ہونے پر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سمیت پانچ کارکنوں کے وارنٹ جاری کر دیئے۔ نیب عدالت سے سزا کے بعد کیپٹن صفدر نے گرفتاری سے بچنے کے لئے راولپنڈی میں ریلی نکالی تھی جس کے باعث تھانہ نیو ٹاؤن پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا۔