پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں معاملات اگلے سال پر ٹال دئیے جائیں گے ،حافظ حسین احمد

28 نومبر ، 2021

اوکاڑہ(نمائندہ جنگ)جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے مرکزی رہنما و سابق سینٹر حافظ حسین احمد نے اپوزیشن کی ”پوزیشن“ کو کمزور قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاشی طور پر ”وینٹی لیٹر“ پر آنے والی حکومت کو اپوزیشن ”آکسیجن“ فراہم کر رہی ہے،پی ڈی ایم کے لئے فائنل راؤنڈ کا فیصلہ کرنا مشکل ہو گیا ہے،6دسمبر کو پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں معاملات اگلے سال پر ٹال دئیے جائیں گے جس کے بعد تحریک یا لانگ مارچ بے معنی ہو جائے گا، ”جنگ“ سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ حکومت اپنے معاملات میں اس قدر پھنس گئی ہے کہ یہ اپوزیشن کو کوئی ٹف ٹائم نہیں دے سکی جبکہ اپوزیشن کا مقصد حکومت کوگرانا نہیں بلکہ اپنے ”معاملات“ سیدھے کرنا ہے،جب بھی پی ڈی ایم کا کوئی اجلاس ہوتا ہے نوازشریف کو لندن میں کوئی نہ کوئی ریلیف مل جاتا ہے ۔