پیوٹن کے دورہ بھارت سے قبل ایس 400میزائل نظام کی پہلی کھیپ نئی دہلی پہنچ گئی

28 نومبر ، 2021

اسلام آباد (محمد صالح ظافر ) امریکا کی جانب سے پابندیوں کی دھمکیوں اور پاکستان کی جانب سے خطے میں طاقت کے توازن کے خدشات کے باوجود روسی دفاعی میزائل نظام ایس 400کی پہلی کھیپ بھارت پہنچ گئی، دونوں ممالک آئندہ ماہ روسی صدر ولادیمر پیوٹن کے دورہ بھارت کے موقع پر روسی کلاشنکوف ’’اے کے 203‘‘کی بھارت میں تیاری کے معاہدے پر بھی دستخط کریں گے ۔ روسی صدارتی دفتر کا کہنا ہے کہ پیوٹن اور مودی 6دسمبر کو تزویراتی شراکت داری مزید بڑھانے پر بھی مذاکرات کریں گے ۔ روسی صدر پیوٹن نے ماضی میں ایک سے زائد بار پاکستان کا دورہ نہیں کیا ہے اور تاحال ان کے دورہ پاکستان کا کوئی اشارہ بھی نہیں ملا ہے ۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد نے مذکورہ صورتحال پر اپنی توجہ مرکوز کررکھی ہے ۔