بلدیاتی انتخابات اپریل2022میں متوقع ہیں،صوبائی ا لیکشن کمشنرغلام اسرا رخان

28 نومبر ، 2021

لاہور ( نمائندہ خصوصی)صوبائی ا لیکشن کمشنرغلام اسرا رخان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل ہیں اور بلدیاتی انتخابات اپریل2022میں متوقع ہیں۔گزشتہ روز میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئےغلام اسرارخان نے مزید کہاکہ موجودہ بلدیاتی نمائندوں کی مدت 31دسمبر 2021ءکو ختم ہورہی ہے۔ آئین اور الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ 120دن کے اندردوبارہ انتخابات کرائے۔ بلدیاتی انتخابات کی تیا ریوں کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ ہم پنجاب حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے بل کا انتظارکررہے ہیں جیسے ہی ہمیں دستاویزات ملیں گی ہم حلقہ بندیوں کی طرف کام کا آغاز کردیں گے ۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے کہاکہ صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر طے کریں گے کہ بلدیاتی انتخابات ایک یا دو سے زیادہ فیز میں منعقد کرائے جائیں۔ 6دسمبر تک الیکشن کمیشن کے نمائندے گھرگھرجا کر شناختی کارڈ کے ذریعے ووٹوں کااندراج کررہے ہیں تاکہ الیکٹورل رول صاف،شفاف اوربغیر کسی غلطی کے پورا کیا جاسکے۔ 2023ءکے انتخابات کےلئے ووٹرز کی حتمی فہرستیں اپریل 2022ءتک مکمل ہوجائیں گی۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرمحمد سلیم اخترخان نے کہاکہ ملتان ڈویژن کے چاروں اضلاع میں ڈسٹرکٹ آفسز میں شکایات سیل بنادیئے گئے ہیں۔ کسی قسم کی بھی شکایت کے حوالے سے ووٹرز ان دفاتر سے رجوع کرسکتے ہیں۔