وفاقی حکومت اور پٹرولیم ڈیلرز کے مابین منگل کومارجن معاہدے پر دستخط ہونگے

28 نومبر ، 2021

اسلام آباد(حنیف خالد)پاکستان پٹرولیم ڈیلرزایسوسی ایشن اور وفاقی حکومت کے درمیان منگل تیس نومبر کو معاہدے کو حتمی شکل دے دی جائے گی اس معاہدے میں یہ بات لکھی جائے گی کہ معاہدہ اس تاریخ کو نافذ العمل ہوگا موجودہ سال پٹرول پر فی لیٹر 99پیسےاورڈیزل پر فی لیٹر90پیسے اضافہ کیا جائے گا آج کل پٹرول پر فی لیٹر2روپے 90پیسے اورڈیزل پر بھی فی لیٹر2روپے 90پیسے کاکمیشن پٹرول پمپ مالکان کو مل رہا ہے مگر اس کا تعین 20سال پہلے ہوا تھا۔وزارت پٹرولیم کے ذرائع کے مطابق کل پیر کووفاقی حکومت نےپاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر عبدالسمیع خان اورنائب صدر راجہ وسیم اوران کے رفقا کو اگلے روز منگل کو وزارت پٹرولیم میں ہونے والے ہنگامی اجلاس میں شرکت کی اجازت دے دی۔ان مذاکرات کی صدارت وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر اوروفاقی سیکرٹری توانائی ارشد محمود کریں گے۔وفاقی وزیرتوانائی حماد اظہر کی طبعیت ناساز ہے اگر منگل کو وہ وفاقی کابینہ کی اقتصادی کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوئے تومذاکرات میں حکومت کی نمائندگی وفاقی وزیر کریں گے۔ان کی عدم موجودگی میں وفاقی سیکرٹری پٹرولیم ارشد محمود سرکاری وفد کی قیادت کریں گے۔