الیکشن کمیشن میں خالی اسامیوں پر حکومت اپوزیشن اتفاق رائے کا امکان

28 نومبر ، 2021

اسلام آباد (طارق بٹ) الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ارکان کی دو خالی نشستوں پر تقرریوں کے لئے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان پہلی بار سنجیدگی سے بات چیت ہورہی ہے جس کا مقصد اتفاق رائے سے تقرریوں کو عمل میں لانا ہے۔ بظاہر محسوس ہوتا ہے حکومت اور اپوزیشن کی جماعتیں کسی سمجھوتے کی خواہش مند ہیں۔ غیر جانبدار پارلیمانی پینل کے ذریعہ ارکان کے انتخاب کا عمل کسی رکاوٹ اور تنازع کے بغیر جاری ہے۔ 12؍ رکنی پارلیمانی کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن ارکان کی تعداد مساوی ہے وہ اس حقیقت سے آگاہ ہیں کہ اتفاق رائے یا کثرت رائے سے کوئی نتیجہ نہ نکلا تو تعطل پیدا ہوجائے گا جسے توڑنے کا کوئی آئینی طریقہ واضح نہیں ہے۔ حکومت نے تاخیر سے ہی لیکن عقل مندی کا ثبوت دیا اور کمیٹی میں اپنی اکثریت سے دستبردار ہو کر مساوی نمائندگی پرآمادہ ہوگئی۔ قائمہ کمیٹی کی چیئرپرسن ڈاکٹر شیریں مزاری رائے ٹائی ہوجانے پر ہی اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گی۔ خالی نشستوں پر دو ارکان پنجاب اور خیبرپختونخوا سے لئے جانے ہیں اس پر ابھی تک کوئی تنازع نہیں ہوا ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ پیر تک خالی اسامیوں پر تقرریاں عمل میں آجائیں گی۔