15دنوں میں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل کرو، گنڈا پور کی وفاق کو پھر دھمکی

18 مئی ، 2024

پشاور(نمائندہ جنگ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈا پور نے وفاقی حکومت کو صوبہ کے پن بجلی بقایاجات، قبائلی اضلاع فنڈز، مالی وسائل کی فراہمی اور لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کیلئے15دنوں کی ڈیڈلائن دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ہم نے آزاد کشمیر میں آپ کا زور دیکھ لیا، کشمیریوں کے سامنے ایک دن میں حکومت کی ہوا نکل گئی اگر خیبر پختونخوا کے عوام نکلیں گے تو کیا حال ہوگا؟ اس سال کے 50ارب اور ریگولر فنڈز کے300ارب دو ماہ میں چاہئیں اگر حق نہ دیا گیا تو چھین کر لیں گے، ملک کی بجلی آن اور آف کرنے کا بٹن خیبر پختونخوا کے پاس ہے، بیٹھیں اور مسائل حل کریں ورنہ ہم واپڈا کے دفاتر پر قبضہ کرلیں گے، ہم اس حد تک جائیں گے کہ غیر ذمہ دار کا لفظ چھوٹا پڑ جائیگا،ہم نگران حکومت کے فنڈز، اخراجات اور بھرتیوں کی تحقیقات کریں گے، خیبر پختونخوا حکومت کا آئندہ بجٹ بانی تحریک انصاف کے وژن کے مطابق انقلابی ہوگا، لوگوں کو سرکاری نوکریاں نہیں روزگار دیں گے، صوبائی حکومت کیساتھ بات کئے بغیر کو ئی بھی ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکس نہیں لگاسکتا، وفاق کا غلط بندے کیساتھ واسطہ پڑا ہے ہم مرکز کو حکومت اور نہ ہی اسلام آباد میں بیٹھنے دیں گے۔