میٹرو پولیٹن و پی ڈی ایم اے کمیشن کا اجلاس، کوئٹہ کی خوبصورتی ہمارا فرض ، کنٹونمنٹ ایریا بھی صفائی مہم میں شامل کیا جائے ، سرفراز بگٹی

18 مئی ، 2024

کوئٹہ (خ ن)وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت کوئٹہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات سردار سرفراز چاکر ڈومکی ، چیف سیکرٹری شکیل قادر خان، پرنسپل سیکرٹری ٹو چیف منسٹر عمران زرکون، سیکرٹری بلدیات عبدالرئوف بلوچ، سیکرٹری پلاننگ لعل جان جعفر، اسپیشل سیکرٹری اسفندیار بلوچ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن و ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن حمزہ شفقات، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی کے سی ای او فیصل خان و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو کمشنر کوئٹہ ڈویژن وایڈمنسٹریٹر حمزہ شفقات کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کوئٹہ شہر سے ڈیڑھ لاکھ ٹن کچرا اٹھا لیا گیا ،صفائی مہم دن رات دو شفٹوں میں جاری ہے، تاریخ میں پہلی بار پشتون آباد میں صفائی مہم شروع کی گئی جبکہ سٹی نالے سے 80 فیصد کچرا صاف کیا گیا۔اگست سے کچرا اٹھانے کے عمل کو آؤٹ سورس کردیا جائے گا جس کے بعد شہر میں کچرے کے جابجا ڈھیر دیکھنے کو نہیں ملیں گے، میٹروپولیٹن کارپوریشن کے مستقل ملازمین کے علاوہ 1600 ملازمین ہیں جن کو ماہانہ 15000 روپے معاوضہ دیا جاتا ہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے بعد عارضی ملازمین کمپنی کی صوابدید پر ہوں گے جبکہ کارپوریشن کے مستقل ملازمین سے 58 نئے نواحی وارڈز کی میونسپل سروسز کا کام لیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ائیر پورٹ روڈ کنٹونمنٹ بورڈ ایریا کو بھی صفائی مہم میں شامل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہر کو صاف ستھرا رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، شہر سے روزانہ 1600 ٹن کچرا اٹھانے کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے جملہ امور کو تمام تر قانونی ضابطوں کے مطابق نمٹایا جائے تاکہ شہر میں صفائی ستھرائی کی استعداد کار میں مجوزہ تین گنا اضافہ ہوسکے، اس سلسلے میں ٹینڈرنگ پراسس کے تمام تر عمل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے ۔وزیراعلیٰ نے محکمہ خزانہ کو میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ملازمین کی واجب الادا تنخواہوں اور پنشن کی فوری ادائیگی اور گزشتہ ادوار کے غیر معمولی فیول اخراجات کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ۔انہوں نے کہا کہ صفائی مہم میں گزشتہ دو ماہ کی کارکردگی نمایاں رہی تاہم اخراجات کا آڈٹ ضرور کرائیں گے ،محکمہ فنانس کی آڈٹ ٹیم گزشتہ دو ماہ کے اخراجات کا آڈٹ کرے گی جبکہ گزشتہ ادوار میں 70 کروڑ روپے کے فیول اخراجات کی تحقیقات انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کرے گی۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عیدالاضحی پر جاری صفائی مہم میں تعطل کی بجائے تیزی لائی جائے۔ عیدپر میٹروپولیٹن کے افسران و اہلکاروں کی چھٹیاں نہیں ہوں گی عید پر سب کام کریں گے ،میں خود بھی چھٹی نہیں کروں گا ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ائیر پورٹ روڑ شہر کا وہ مرکزی حصہ ہے جہاں سے بیرون ملک و دیگر شہروں سے مہمانوں کی آمد و رفت لگی رہتی ہے اس کنٹونمنٹ ایریا میں بھی میٹروپولیٹن کارپوریشن آج ہی سے صفائی مہم شروع کردے، دیواروں کو صاف کرکے انہیں خوبصورتی سے ہم آہنگ کیا جائے اور یہاں مستقل صفائی کے لئے جامع اقدامات اٹھائے جائیں یہ شہر ہم سب کا ہے جس کی صفائی ستھرائی اور خوبصورتی بھی ہم سب کا فرض ہے۔