حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ،وزیر اعظم

18 مئی ، 2024

اسلام آباد(نیوز ایجنسی) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے ہر قسم کی معاونت فراہم کر رہی ہے، کاروبار دوست پالیسیوں کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔وزیر اعظم سے گزشتہ روز مشروبات بنانے والی بین الاقوامی کمپنیوں کے وفد نے ملاقات کی ہے۔وفد نے وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان میں مشروبات کے 25 کارخانے 1 لاکھ 30 ہزار لوگوں کے روزگار کا ذریعہ ہیں۔ وفد نے وزیر اعظم کو ملک میں ری سائیکلنگ کے سب سے بڑے نظام سے بھی آگاہ کیا، وفد کی جانب سے بریفنگ میں کہا گیا کہ کمپنیاں ٹیکس کی مد میں ہر سال خطیر رقم ادا کرتی ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاروں کیلیے حکومت ہر قسم کی معاونت فراہم کر رہی ہے، حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو بین الاقوامی کمپنیوں کی تجاویز پر مشاورت اور بین الاقوامی کمپنیوں کے مسائل کا حل جلد پیش کرنے کی ہدایت کی۔