طالبان اپنی حکومت کو تسلیم کروانے کیلئے بڑی طاقتوں سے رابطے میں

28 نومبر ، 2021

کراچی (جنگ نیوز) طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنے میں وقت لگے گا، اطلاع ہے کہ طالبان قیادت ہر ممکن کوشش کررہی ہے کہ امریکہ، برطانیہ، جرمنی اور فرانس طالبان کی حکومت اور اقتدار اعلیٰ کو تسلیم کرلیں، چاروں ملکوں کے حکام سے طالبان دوحہ کے رہنما رابطوں میں ہیں، اطلاع ہے کہ افغان عوام کے مسائل اور انہیں وسائل مہیا کرنے کے لئے اگر یورپی ممالک جلد آگے آئیں گے تو افغانستان آنے والے دنوں میں کسی بڑے خون خرابے سے بچ جائے گا۔ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ افغان عوام بری طرح سے معاشی بحران کا شکار ہیں، اشیاء ضرورت کی سخت قلت ہے۔ کہا جارہا ہے کہ کابل کے سوا پورے افغانستان میں اناج کی بڑی قلت ہے، پاکستان کی جانب سے جو امداد پہنچ رہی ہے، وہ ناکافی ہے، اس سے افغانستان کےایک فیصد لوگوں کا بھی بھلا نہیں ہو پا رہا ہے۔ اشیاء ضرورت کی شدید قلت کے سبب افغان عوام میں بڑی بے چینی ہے، وسائل بھی افغان عوام کے محدود ہیں۔ کہا جارہا ہے کہ کابل میں راشن بندی کا جو سلسلہ ہے، اس پر طالبان کی سیکورٹی کی گرفت بہت کمزور ہے، تقسیم کا نظام بہت اچھا نہیں ہے، طالبان قیادت نے دوحہ میں امریکی رابطہ کے اہم ارکان کو افغانستان کی نئی صورت سے آگاہ کیا ہے لیکن امریکی رابطہ کاروں نے کوئی یقین دہانی نہیں کرائی ہے۔