عمران خان بانی متحدہ کا طریقہ اختیار کررہے ہیں، صوبائی سندھ

28 نومبر ، 2021

کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے ڈی اے پی کھاد بحران اور مہنگائی کے حوالے سے وفاقی حکومت کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہاہےکہ وزیراعظم خود کام نہیں کررہے اور سندھ حکومت پر الزام لگارہے ہیں،عمران خان متحدہ بانی کا طریقہ اختیار کررہے ہیں، ان خیالات کا اظہار صوبائی وزراء منظور حسین وسان،امتیاز شیخ اور مکیش چاولہ نے سندھ اسمبلی کمیٹی روم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مشیر زراعت منظور وسان نے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے لیے سال 2022 خطرناک سال ہے،عمران خان اکتوبر میں خود استعفیٰ دے سکتے ہیں،جنوری سے انکی پریشانی میں مزید اضافہ ہوسکتا، منظور وسان نے عمران خان کا نام بانی متحدہ سے منسوب کرتے ہوئےکہاکہ عمران خان کا دوسرا نام الطاف خان ہے،بانی متحدہ ظلم بھی کرتا تھا اور روتا بھی تھا اس کا بھی وہی اسٹائل ہے، اس نے صرف دھمکی دینی ہے، عمران خان کی بھی وہی حرکتیں ہیں، عمران خان کو اکتوبر تک جو کرنا ہے کرلے،عمران حکومت کو غیبی طاقت ختم ہورہی ہے،وہ سندھ میں احساس محرومی پیدا کرنے سے گریز کریں۔