گندم اور پٹرولیم قیمتوں میں بڑی کمی‘ عوام تاحال ثمرات سے محروم

18 مئی ، 2024

راولپنڈی (راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) سستی گندم اور پٹرولیم قیمتوں میں بڑی کمی کے باوجود عوام اسکے فوائد سے محروم ہیں۔ غریب کیلئے آج بھی سستی روٹی کا حصول مشکل ہے۔ پٹرولیم قیمتوں میں کمی کا فرق اوپن مارکیٹ قیمتوں کی کمی کی صورت نظر نہیں آ رہا۔ جو قیمتیں اور کرائے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے قبل تھے تاحال واپس نہیں آئے۔ سرکاری دفاتر میں صبح شام میٹنگز چل رہی ہیں لیکن عملاً رزلٹ صفر نظر آ رہا ہے جس سے حکومتی ساکھ بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کا اہم فورم بھی راولپنڈی میں بے وقعت ہو چکا۔ ضلعی افسران کے کمزور انتظامی کنٹرول کے باعث 5بار طلب کیا گیا اجلاس ممبران کی عدم شرکت کے باعث منسوخ ہو رہا ہے۔ آٹے‘ پولٹری اور پٹرولیم قیمتوں میں کمی کے باعث سوائے پتیری روٹی کے قیمتوں میں کوئی کمی دیکھنے میں نہیں آ رہی۔ گندم سستی ہونے کے باوجود سادہ نان اور تل والے کلچے کی قیمت میں کوئی کمی نہیں ہوئی۔ ڈبل روٹی اور تمام بیکری آیٹمز اُسی طرح سو فیصد مہنگے ہیں۔ گوشت‘ پھل اور سبزیاں بدستور مہنگے ہیں۔ بیوروکریسی نے عوام اور حکومت دونوں کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا ہواہے جس کا حکومت کو نوٹس لینا چاہئے۔