پراپرٹی ٹیکس کی سو فیصد ریکوری کی شرط پر 5ایکسائز انسپکٹر بحال

18 مئی ، 2024

راولپنڈی (جنگ نیوز) ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے سو فیصد پراپرٹی ٹیکس کی ریکوری کی شرائط پوری کرنے کی شرط (یقین دہانی ) پر پانچ ایکسائز انسپکٹروں کو اپنے عہدوں پربحال کر دیا ہے اور انہیں سرکل بھی دوبارہ الاٹ کر دیئے ہیں، ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی ڈویژن کی طرف سے بھجوائے گئے لیٹر کی روشنی میں ان انسپکٹروں کی بحالی عمل میں لائی گئی ہے ، ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن دفتر نے اس حوالے سے جمعہ کو باقاعدہ احکامات بھی جاری کر دیئے ہیں ، بحال ہونے والے انسپکٹروں میں عقیل اختر، سید یحیٰ اعجاز، رانا زاہد سلطان، ممتاز علی اور امتیاز عظیم شامل ہیں ، انسپکٹروں کی بحالی کے احکامات میں کہا گیا ہے کہ انہیں رواں مالی سال کے آخر تک پراپرٹی ٹیکس کی ریکوری کیلئے ملنے والے اہداف کو سو فیصد حاصل کرنا ہو گا، اگر وہ اس میں ناکام رہتے ہیں تو ان کیخلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی ، دریں اثنا ء ای ٹی او نارکاٹکس کنٹرول راولپنڈی طاہر محمود شہزاد کو ای ٹی او (زون ایک اور پانچ )کی پوسٹ کا بھی لک آفٹر چارج دیدیا گیا ہے۔