گاڑی کھائی میں گرنے سے ایک ہی خاندان کے 4افراد جاں بحق

18 مئی ، 2024

کوٹلی ستیاں (راجہ ہارون ستی‘ نمائندہ جنگ) کوٹلی ستیاں کے علاقہ کرور روڈ پر گاڑی کھائی میں گرنے سے ایک ہی خاندان کے 4افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ماں بیٹی فوزیہ اور شمیم جبکہ بیٹا بھی شامل ہیں۔ محمد وزیر کا بدقسمت خاندان شادی میں شرکت کیلئے موڑی سے راولپنڈی جا رہا تھا کہ گاڑی نمبر سی اے جی 8729کرور عباسی زیارت سٹاپ کے قریب سڑک پر پڑی کریش سے سلپ ہو گئی اور گہری کھائی میں جا گری۔ حادثہ کے نتیجہ میں 2خواتین موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ دیگر زخمیوں کو راولپنڈی ریفر کر دیا گیا ہے۔ گاڑی کا ڈرائیور ایچ بی ایس ہسپتال علی پور پہنچ کر جبکہ ایک چھوٹا بچہ پمز ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ واضح رہے کہ کرور میں ریسکیو 1122کی سہولت میسر نہ ہونے اور کرور بی ایچ یو ہسپتال میں ایمبولنس کی سہولت نہ ہونے سے زخمیوں اور ڈیڈ باڈیز کو پہنچانے میں اہل علاقہ کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔