جڑواں شہروں میں 3افراد زندگی کی بازی ہار گئے‘ غیرملکی سمیت 2زخمی

18 مئی ، 2024

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) جڑواں شہروں میں تین افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ ایک غیر ملکی سمیت دوکو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تھانہ گولڑہ ای بارہ سے عبدالسلام نامی نوجوان کی تشدد زدہ نعش ملی جسے پمز مردہ خانہ منتقل کر دیا گیا۔ مقتول ایف ایٹ کا رہائشی بتایا جاتا ہے جو کارگو سروس میں کام کرتا تھا۔ مقتول کی گردن پر تیز دھار آلہ سے کٹ کا نشان ہے۔ تھانہ شالیمار ناظم الدین روڈ ایف ٹین ون میں عبدالرحمٰن نامی موٹر سائیکل سوار کار بی اے ای 469کی زد میں آکر زندگی کی بازی ہار گیا۔ والد ظہور احمد کی رپورٹ پر کار ڈرائیور عثمان کیخلاف قتل خطا کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تھانہ کھنہ پل کے قریب واقع مسجد سےایک شخص کی نعش ملی جسے پولیس نے پمز کے مردہ خانہ میں منتقل کر دیا گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق متوفی مسجد سے چوری کر کے بھاگتے ہوئے چھت سے گر کرجاں بحق ہوا۔ مریڑ چوک ریلوے پل پر میانوالی کا رہائشی 21سالہ مبشر ٹرین کی زد میں آکر شدید زخمی ہو گیا۔ تھانہ صادق آباد کے علاقہ غزالی روڈ پر 4مسلح افراد نانبائی کو یرغمال بنا کر چالیس ہزار لے جانے لگے تو شور مچانے پر راحت اور عظمت کو گولیوں سے چھلنی کر دیا اور فرار ہوگئے۔