سموگ کے انسداد کیلئے جدید مشینری کاشتکاروں میں تقسیم کا آغاز

18 مئی ، 2024

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) سموگ کنٹرول پروگرام کے تحت رائس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کالا شاہ کاکو میں منعقدہ تقریب میں کاشت کاروں کو پاک سیڈر اور رائس سٹرا شنائیڈر کی فراہمی کیلئے محکمہ زراعت کے زیراہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ سموگ کے خاتمے کیلئے کاشت کاروں کو پاک سیڈر اور رائس سٹرا شنائیڈر کی 60فیصد سبسڈی پر فراہمی کی جائیگی۔ دھان کی فصل کو منطقی طور پر نہ جلانے کیلئے حکومت پنجاب آٹھ ارب کی لاگت سے کسانوں کو جدید اینٹی سموگ مشینری مہیا کر رہی ہے۔ سموگ کی وجہ سے لاہور ڈویژن سمیت کئی بڑے شہروں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لاتعداد جانیں ٹریفک حادثات میں ضائع ہوتی ہیں۔ آج صوبہ کے 21اضلاع میں کاشتکاروں کو پانچ ہزار پاک سیڈرز اور دو ہزار رائٹ سٹرا شیڈرز فراہم کئے جا رہے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ 400ارب روپے کے ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگری کلچر پلان پر عملدرآمد جاری ہے جس کے تحت کاشت کاروں کو پیداواری لاگت میں کمی کیلئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ تقریب سے وزیر زراعت پنجاب عاشق کرمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زراعت کا شعبہ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پروگرام کے تحت 150ارب روپے کے بلاسود قرضوں کی فراہمی کیلئے کسان کارڈز کا جلد اجراء ہو گا۔ اسکے علاوہ 80ارب روپے کی لاگت سے سات ہزار تین سو کھالہ جات کو پختہ کیا جا رہا ہے۔ اس پروگرام کے تحت 12ارب روپے کی لاگت سے کاشت کاروں کو جدید زرعی مشینری و آلات فراہم کئے جائینگے۔