نیب بانی پی ٹی آئی کیخلاف ایک اور ریفرنس لانا چاہتی ہے ،نعیم حیدر پنجوتھا

18 مئی ، 2024

اسلام آباد (خبر نگار) تحریک انصاف کے رہنما نعیم حیدر پنجوتھا ایڈووکیٹ نے کہا کہ نیب بانی پی ٹی آئی کیخلاف ایک اور ریفرنس لانا چاہتی ہے جبکہ کور کمیٹی نے القادر ٹرسٹ کیس کے تیز ترین ٹرائل پر تشویش کا اظہار کر دیا۔ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف جھوٹے مقدمات کی کارروائی میں فئیر ٹرائل کے تقاضے پورے کرتے ہوئے ان کو ان کا جائز قانونی حق فراہم کیا جائے۔ گزشتہ روز پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کمیٹی ارکان کو بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل میں پارٹی رہنماوں سے ملاقات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ،ادھر تحریک انصاف کے رہنما شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی قریب میں جج نے انصاف کا قتل کیا ، انصاف کا قتل کرنے والوں کے خلاف ریفرنس دائر کرنے جارہے ہیں، اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر بانی پی ٹی آئی کو سزائیں دی گئیں جبکہ نعیم حیدر پنجوتھا ایڈووکیٹ نے کہا کہ نیب بانی پی ٹی آئی کیخلاف ایک اور ریفرنس لانا چاہتی ہے، بشریٰ بی بی نے کہا جتنی تیزی کیساتھ ٹرائل چلایا جارہا ہے اس پر عدم اعتماد کا اظہار کرتی ہوں۔