سعودی عرب نرسز بھیجنے میں ہیر پھیر، 2ٹریول ایجنٹ گرفتار ،جسمانی ریمانڈ حاصل

18 مئی ، 2024

اسلام آباد ( ایوب ناصر ،خصوصی نامہ نگار ) سعودی عرب کے ہسپتالوں میں ملازمت کیلئے بھیجی گئی 108 نرسز کے بائیو ڈیٹا میں بد عنوانی کر کے ان کی وطن واپسی کا موجب بننے والے دو ٹریول ایجنٹوں غلام فرید اور ذوالفقار کو گرفتار کر کے ان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے 64 لاکھ روپے بچانے کے چکر میں غیر قانونی طریقہ اپنانے میں معاونت کرنیوالے اوور سیز ایمپلائی منٹ کارپوریشن کے سرکاری افسران گل اکبر ، کاظم احسان ملک ، سعید خان خٹک کی گرفتار ی کیلئے بھی قانونی چارہ جوئی شروع کر دی گئی ہے ،مقدمے کے اندراج کے بعد سرکاری ملازمین نے ضمانت قبل از گرفتار ی حاصل کر لی ہے ۔ سعودی حکومت نے پاکستان سے 108 نرسز کو مفت ویزے جاری کئے تھے مگر ایجنٹوں نے ان سے سوا دو دو لاکھ روپے سے ساڑھے تین لاکھ روپے تک وصول کئے اور انہیں بھیجنے میں غیر قانونی طریقہ اختیار کیا جس سے نہ صرف ان کی ملازمتیں ختم ہو گئیں بلکہ انہیں پاکستان ڈی پورٹ کر دیا گیا اور ان کے سعودی عرب میں داخلے پر پابندی بھی لگا دی گئی ہے ۔