سمز بند نہیں ،صرف نجی کمپنیوں کیخلاف کارروائی سے روکا،اسلام آباد ہائیکورٹ

18 مئی ، 2024

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سمز بلاک کرنے کے حکومتی فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنیوالی موبائل کمپنیوں کیخلاف کارروائی سے روکنے کے عدالتی حکم نامے کو خارج کرنے کی حکومتی متفرق درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے 22 مئی کو جواب طلب کر لیا۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ عدالت نے سمز بند نہیں صرف نجی موبائل کمپنیوں کیخلاف کارروائی سے روکا تھا۔ اٹارنی جنرل عثمان منصور نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ این ٹی این نمبر سے متعلق بھی چیزیں واضح ہیں ، سیکشن 144 مکمل جواب فراہم کرتا ہے جو ٹیکس سے متعلق ہے ، جس کی آمدنی کم ہو گی ظاہر ہے وہ اپلائی بھی نہیں کرے گا۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ اس میں ڈر یہ ہوتا ہے کہ ایف بی آر والے ہر ایک کو اپنی لوپ میں لے لیتے ہیں ، اب ہر بندہ جا کر بتاتا رہے کہ ایسے نہیں ہے ، اب ایف بی آر کے پاس کون کون جائے گا کوئی رولز اینڈ ریگولیشن تو دیں، اگر کوئی ٹیکس گزار نہیں ہے اس کے نام پر سم اس کا بیٹا یا بیٹی استعمال کر رہے ہیں تو ان کا کیا کریں گے ، مزدور یا پھر غریب آدمی کیا کرے گا جس نے خود کو رجسٹرڈ ہی نہیں کروایا۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ کسی غریب آدمی کو نوٹس نہیں جائے گا۔ نان فائلز کو نومبر 2023 سے نوٹسز جاری کئے جا رہے ہیں، اگر کوئی شخص نوٹس جاری ہونیکے بعد جواب جمع کروائے گا یا ایف بی آر کو مطمئن کرے گا تو ری سٹور ہو جائے گا۔