سیکورٹی اور علاقائی سالمیت کو درپیش خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں، دفتر خارجہ

18 مئی ، 2024

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) ترجمان دفتر خارجہ ممتاززہرا بلوچ نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکا سے افغانستان حوالگی کی خبروں کا علم نہیں، پاک افغان سرحد پر کشیدگی کے حوالے سے افغان انتظامیہ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے، پاکستان اپنی سیکیورٹی اور علاقائی سالمیت کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ میں پاکستانی شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے قتل میں ملوث دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات کے کسی منصوبے کا امکان مسترد کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہتھیاروں کے کنٹرول اور عدم پھیلاؤ پر پاکستان اور برطانیہ کے مذاکرات کا چھٹا دور اسلام آباد میں منعقد ہوا، ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ سفیر محمد کامران اختر اور ڈائریکٹر کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس برطانیہ سفیر سٹیفن للی نے اپنے اپنے وفود کی قیادت کی۔ مذاکرات کے دوران ہتھیاروں کے کنٹرول، تخفیف اسلحہ اور عدم پھیلاؤ سے متعلق موضوعات اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی پہلی کمیٹی کے ایجنڈے، تخفیف اسلحہ سے متعلق کانفرنس پر بات چیت کی گئی۔ پاکستان اور چین کے درمیان امن و استحکام سمیت مخلتف امور پر گفتگو ہوئی۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار کے دورہ چین سے پاک چین تعاون کو فروغ ملے گا، ترکیہ کے وزیر خارجہ حکان فدان 19 سے 20 مئی تک پاکستان کے پہلے دورے پر آئیں گے۔ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ ہم ان بے بنیاد اور حقائق کے منافی بھارتی الزامات کو مسترد کرتے ہیں، بھارتی قیادت کے حالیہ جارحانہ بیانات دیکھے ہیں، پاکستان اپنی سیکورٹی اور کسی بھی علاقائی خطرے سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ پاکستان کے ایران سے ٹھوس اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ ایرنی صدر کے حالیہ دورہ پاکستان میں دونوں ممالک نے متعدد معاہدوں پر دستخط کیے جبکہ گوادر اور چاہ بہار کو جڑواں بندرگاہ قرار دیا گیا ہے۔ بھارت اورایران کے درمیان کسی معاملے پر ردعمل نہیں دیتے۔ یہ دونوں ممالک کا اندرونی معاملہ ہے، پاکستان نے فلسطین کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی رکنیت دینے کی قرارداد کی بھرپور حمایت کی۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیرمیں جاری بھارتی مظالم کانوٹس لیں۔