نان فائلرز کی موبائل فون سمز بلاک کرنے کیلئے جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل

18 مئی ، 2024

اسلام آباد( تنویر ہاشمی ، کامرس رپورٹر ) ایف بی آر نے نان فائلرز کی موبائل فون سمز بلاک کرنے کے لیے 18رکنی جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا،ایف بی آر کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ورکنگ گروپ ممبر آئی آر آپریشنز ، چیف آپریشنز سمیت فیلڈ دفاتر کے تین افسران شامل ہیں ، پی ٹی اے اور موبائل فون کمپنیوں کے نمائندے بھی جوائنٹ ورکنگ گروپ کا حصہ ہونگے، ورکنگ گروپ نان فائلرز کی موبائل فون سمز بلا ک کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل تشکیل دے گا، جوائنٹ ورکنگ گروپ سمز کو بلا ک کرنے کےمعاملے پر متعلقہ سٹیک ہولڈز کے تحفظات کو دور کرے گا اور متعلقہ فریقین کے مابین رابطوں کےلیے پلیٹ فارم کا کردار ادا کرے گا، ورکنگ گروپ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور موبائل فون کمپنیوں کے نمائندوں کی ملاقات کے بعد قائم کیا گیا، جو انکم ٹیکس جنرل آرڈرر عملدرآمد کرائے گا، جوائنٹ ورکنگ گروپ کے ارکان میں ممبر آئی آر آپریشنز میر بادشاہ خان وزیر ، چیف ( ریونیو آپریشنز ) ارشد نواز چھینہ ، کمشنر ایل ٹی او اسلام آباد نعیم حسن ، ایڈیشنل کمشنر ایل ٹی او اسلام آبادخالد سلطان ، سیکنڈ سیکریٹر ی آپریشن صدف احسان ، پی ٹی اے کے ڈائر یکٹر انفورسمنٹ وائر لیس کاشف غفور ، اسسٹنٹ ڈائر یکٹر ز ریگولیشن سہیل محمود اور موبائل فون کمپنیوں کے نمائندے شامل ہیں