تاجر دوست سکیم،FBR اور تاجر نمائندوں کا تحفظات دور کرنے پر اتفاق

18 مئی ، 2024

اسلام آباد( کامرس رپور ٹر ) ایف بی آر اور تاجر دوست سکیم کے چیف کوآرڈینیٹر نعیم میرنے تاجر برادری کے تحفظات دور کرنے اور سفارشات پر غور کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔ایف بی آرنے ٹریڈ یونین کے نمائندوں سے تاجر دوست سکیم کے تحت تاجروں کی رجسٹریشن اور ٹیکسیشن کے حوالے سے متفقہ تجاویز ایک ہفتہ کے اندر پیش کرنے کہا ہے، ایف بی آر نے ٹریڈ یونینز پر بھی زور دیا کہ وہ تاجر دوست سکیم کے تحت تاجروں کی رجسٹریشن میں حکومت کیساتھ تعاون کریں۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے تاجر دوست سکیم کے حوالے سے پاکستان کی مختلف ٹریڈ یونینز کے نمائندوں کیساتھ ایک اہم اجلاس ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں منعقد کیاجس میں تاجر دوست سکیم کے چیف کوآرڈینیٹر نعیم میر اوردیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی،اجلاس کے دوران ٹریڈ یونینز کے نمائندوں نے تاجر دوست سکیم کے تحت نئے رجسٹرڈہونے والے تاجروں کیلئے ٹیکس کے حوالے سے واضح گائیڈ لائنز کی ضرورت پر زور دیا۔اُن کا کہنا تھا کہ رجسٹریشن میں پرچون فروشوں کی ہچکچاہٹ ٹیکس کے نظام میں ابہام کی وجہ سے پیدا ہو ئی ہے جوسکیم کے موثر ہونے میں ممکنہ طور پر رکاوٹ ہے، ان نمائندوں نے پرچون فروشوں کوتاجر دوست سکیم کے تحت رجسٹرہونے کیلئے رضامند کرنے کی غرض سے رجسٹریشن میں آسانی، ٹیکس میں چھو ٹ یا رعایتوں کی عدم موجودگی کی نشاندہی کی۔