خضدار‘ کارکنوں کے مبینہ اغوا کیخلاف جھالاوان عوامی پینل کا احتجاج

19 مئی ، 2024

خضدار(نامہ نگار ) دو کارکنوں کے مبینہ اغوا کے خلاف جھالاوان عوامی پینل کی جانب سے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پراحتجاج، 28 گھنٹے تک رکاوٹیں کھڑی کرکے شاہراہ بند رکھی، ڈپٹی کمشنر خضدار محمد عارف زرکون اور ایس ایس پی خضدار نوید عالم کے جھالاوان عوامی پینل کے رہنمائوں سے کامیاب مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کردیا گیا۔ 28 گھنٹے روڈ بلاک کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس کی وجہ سے مسافروں خصوصاً خواتین و بچوں اور ضعیف العمر افرادکو شدید پریشانی و مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔دریں اثناء جھالاوان عوامی پینل کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز وڈھ کے قبائلی سردار کے بیٹے نے ان کے دو کارکنوں سلطان احمد رئیسانی اور اس کے ساتھی کو مبینہ طور پر وڈھ بازار سے اغوا کرکے اپنی نجی جیل منتقل کر دیا ،پہلا واقعہ نہیں جس میں متعلقہ قبائلی سردار اور اس کے بیٹے کے ہاتھوں سیاسی کارکنوں کا مبینہ اغوا ہوا ہے بلکہ روزانہ سیاسی مخالفین کو اس طرح انتقام کا نشانہ بنایا جاتا ہے ہم مجبوراً قومی شاہراہ پر نکلتے ہیں کیونکہ ہم سردار کی غلامی کسی صورت قبول نہیں کرینگے۔ حق اور سچ کا ساتھ دیتے رہیں گے اور ہر ظلم کے خلاف آواز اٹھائیں گےلہٰذا متعلقہ سردار اور اس کے بیٹے کے خلاف سیاسی کارکنوں کو اغوا کرنے اور نجی جیل منتقل کرکے تشدد کا نشانہ بنانے کا مقدمہ درج کیا جائے ۔ذرائع کے مطابق پسند خان کی مدعیت میں پولیس تھانہ وڈھ میں نامزد ملزمان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ۔