خوشاب میں حادثہ،بنوں کے رہائشی خاندان کے14 افراد جاں بحق

19 مئی ، 2024

خوشاب(نمائندہ جنگ،جنگ نیوز)پنجاب کے ضلع خوشاب میں ٹرک بے قابو ہو کر کھائی میں جا گرا جس کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوگئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ خوشاب میں پنج پیر مناواں روڈ پر بریک فیل ہونے سے باعث پیش آیا جس کے نتیجے میں ٹرک بے قابو ہو کر کھائی میں جا گرا۔ریسکیو ذرائع کا بتانا ہے کہ حادثے میں خواتین سمیت 14 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 8 افراد زخمی بھی ہوئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق افرادکا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، متاثرہ خاندان بنوں سے مزدوری کے لیےٹرک میں خوشاب آرہا تھا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خوشاب کے قریب سون ویلی میں مسافر بس کھائی میں گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کےضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ محسن نقوی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کی اور حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔محسن نقوی نے کہا کہ افسوسناک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 14افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دلی دکھ ہوا ، جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کوٹلی ستیاں میں گاڑی کھائی میں گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیاہے-وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سوگوار خاندان سے ہمدردی و تعزیت کااظہار کیا-