پارلیمنٹ میں غیر متعلقہ افراد کے داخل ہونے پر کارروائی ، سیکورٹی کے 8 اہلکار معطل

19 مئی ، 2024

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) سپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق نے پارلیمنٹ ہاؤس میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر 8سیکورٹی اہلکاروں کو معطل کر کے سارجنٹ ایٹ آرمز کو انکوائری کی ہدایت جا ری کر دی ، یہ اہلکار پارلیمنٹ ہاوس کے داخلی دروازوں پر تعینات تھے جنہوں نے بغیر کارڈ غیر متعلقہ افراد کو اندر جانے دیا ۔قومی اسمبلی کے ذرائع کا کہنا ہے پارلیمنٹ ہاؤس داخل ہونے والے افراد نے اندر جا کر بعض اراکین اور وزراءکو روکا اوران کے ساتھ تصاویر بنانے کی خواہش کی جس پروزیر دفاع خواجہ آصف نے سپیکر کوشکایت کر دی ۔خیال رہے گزشتہ روزسپیکر ایازصادق نے گیلریز میں ویڈیو بنانے ،گیٹ نمبر ایک پر میڈیا کوریج پر پابندی عائد کردی ۔ انھوں نے خواجہ آصف کے خدشات درست قرار دیتے ہوئے کہا جہاں آپ لوگوں کی گاڑیاں کھڑی ہوتی ہیں، وہاں لوگ انٹرویو لینے آجاتے ہیں ،ممبران کو روکتے ہیں جب کہ لفٹ کے دوران بھی لوگ پارلیمنٹرین کو روکنے کی کوشش کرتے ہیں۔جس پر ہم نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ اس معاملے کو چیک کیا جائے۔