اوپن اے آئی نے مصنوعی ذہانت کے خطرات کم کرنے کیلئے وقف ٹیم تحلیل کردی

19 مئی ، 2024

سان فرانسسکو (اے ایف پی) اوپن اے آئی نے حال ہی میں تصدیق کی کہ اس نے سپرا سمارٹ مصنوعی ذہانت کے طویل المدتی خطرات کو کم کرنے کے لیے وقف ٹیم کو تحلیل کر دیا ہے۔سان فرانسسکو میں قائم فرم کے مطابق اوپن اے آئی نے ایک ہفتے قبل سپر الائنمنٹ نامی گروپ کو تحلیل کرنا شروع کیا، اورگروپ کے اراکین کو دیگر منصوبوں اور تحقیق میں شامل کردیا۔رواں ہفتے کمپنی کے شریک بانی الیا سوٹسکیور اور ٹیم کے شریک رہنما جان لیکے نے چیٹ جی پی ٹی بنانے والی کمپنی سے علیحدگی کا اعلان کیا۔جدید ترین مصنوعی ذہانت کو کنٹرول میں رکھنے پر توجہ مرکوز کرنے والی اوپن اے آئی ٹیم کی تحلیل اس وقت سامنے آئی ہے، جب مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کو ریگولیٹرز کی جانب سے بڑھتی ہوئی جانچ پڑتال کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اس کے خطرات کے حوالے سے خدشات میں اضافہ ہورہا ہے۔جان لیکے نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ اوپن اے آئی کو ایک سیفٹی فرسٹ اے جی آئی (مصنوعی جنرل انٹیلی جنس) کمپنی بننا چاہیے،انہوں نے اوپن اے آئی کے تمام ملازمین سے مطالبہ کیا کہ وہ سنجیدگی کے ساتھ کام کریں، جو وہ بنا رہے ہیں اس کی ضمانت دی جائے۔اوپن اے آئی نے رواں ہفتے کے اوائل میں مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کی اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والا اور پہلےسے بھی زیادہ انسانی جیسا ورژن جاری کیا جو چیٹ جی پی ٹی کی تائید کرتا ہے، اور یہ تمام صارفین کے لیے مفت ہے۔