افغانستان، فائرنگ سے 3 ہسپانوی سیاحوں سمیت 4 افراد قتل‘7 زخمی

19 مئی ، 2024

کابل (آئی این پی ) افغانستان کے مقبول سیاحتی مقام بامیان میں فائرنگ کے نتیجے میں تین ہسپانوی سیاح اور ایک افغان شہری ہلاک ہوگیا۔ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قانی نے 4 افراد کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ فائرنگ سے 7لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں۔زخمیوں میں ناروے، آسٹریلیا، لتھوانیا اور سپین کے4 باشندے اور 3 افغان شہری بھی شامل ہیں، یورپی یونین نے سخت الفاظ میں حملے کی مذمت کی ہے۔ عبدالمتین قانی نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے 4 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے طالبان حکومت اس جرم کی شدید مذمت کرتی ہے، متاثرین کے خاندانوں سے اپنے افسوس کا اظہار کرتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ تمام مجرموں کو تلاش کرکے سزا دی جائے گی۔