شدید گرمی، بدترین لوڈشیڈنگ

اداریہ
19 مئی ، 2024

ملک کے بیشتر علاقوں میں بلا کی گرمی اور بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ سے شہری بے حال ہو گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے پنجاب اور سندھ میں آئندہ ہفتے کے لئے ہیٹ ویو الرٹ جاری کیا ہے جس کے مطابق 21 مئی سے 27 مئی تک درجہ حرارت نارمل سے 6 ڈگری سنٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ گرمی اور لو کی شدت میں اضافے سے عوام کو بھی محتاط رہنا ہوگا۔ شہریوں کو چاہئے کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں اور گرمی کی شدت کے دوران تمام احتیاطی تدابیر بروئے کار لائیں تاکہ وہ ہیٹ ویو سے محفوظ رہ سکیں۔ بجلی کے بارے میں کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور اسلام آباد راولپنڈی جیسے شہروں سے بھی شکایات موصول ہو رہی ہیںجن کے مطابق کراچی کے متعدد علاقوں میں 12گھنٹے تک بجلی بند رہتی ہے۔ مضافاتی علاقوں میں یہ دورانیہ 15 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے جس پر شہری سراپا احتجاج ہیں۔وزیر اعلیٰ کے پی بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف وفاق کودھمکیاں دے رہے ہیں۔ لاہور کے شہری علاقوں میں ایک سے دو گھنٹے ، دیہی علاقوں میں تین سے چار گھنٹے، کوئٹہ شہر میں 8 سے 10 گھنٹےجبکہ پشاور کے شہری علاقوں میں 16 اور دیہی علاقوں میں 20گھنٹے تک بجلی معطل رہتی ہے۔ ملک کے بیشتر علاقے جمعہ کو شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے جبکہ 48 سنٹی گریڈ کے ساتھ دادو گرم ترین شہر رہا۔ حید ر آباد میں 42ڈگری اور لاہور میں 41 ڈگری کا درجہ حرارت بالترتیب 46 ڈگری اور 45ڈگری سنٹی گریڈ محسوس کیا گیا، اسلام آباد اور پشاور میں 37 ڈگری کی گرمی 42 ڈگری اور کراچی میں 37 ڈگری کی گرمی 40 ڈگری محسوس کی گئی۔ 2015کے بعد کراچی کو ہر سال مئی اور جون کے مہینوں میں ہیٹ ویو کا سامنا رہتا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں مارگلہ کی پہاڑیوں پر ہیٹ ویو کی وجہ سےلگنے والی آگ شدت اختیار کر گئی۔ گرمی کی شدید لہر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا عذاب ناقابل فہم ہے ۔ اس صورت حال کا سنجیدگی سے نوٹس لے کر عوام کو مشکلات سے نجات دلانی چاہئے اور بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانا چاہئے۔