سندھ ہائیکورٹ نے گنے کی قیمت پر سندھ حکومت کے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد روکدیا

28 نومبر ، 2021

...کراچی (آئی این پی)سندھ ہائیکورٹ نے گنے کی فی من قیمت سے متعلق سندھ حکومت کے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد روکدیا۔سندھ ہائی کورٹ میں گنے کی فی من قیمت مقررکرنے سے متعلق درخواست پرسماعت ہوئی، درخواست 17 شوگرملز کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ درخواست گزاروں کا موقف ہے کہ سندھ حکومت نے 4 نومبرکو گنےکی فی من قیمت 250 روپے مقررکرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا،کین کمشنر نے کہا کہ اگر 250 روپے سے کم خریداری کی شکایت موصول ہوئی تو کارروائی کی جائیگی۔ درخواست گزاروں کا کہنا تھا کہ پنجاب میں گنے کی فی من قیمت 225 روپے مقرر کی گئی ہے، سندھ میں گنے کی فی من قیمت سب سے زیادہ مقرر کی گئی ہے، جس پر عدالت نے سندھ حکومت کےگنے کی فی من قیمت 250 روپے مقرر کرنےکے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد روک دیا۔عدالت نے آئندہ سماعت تک درخواست گزاروں کیخلاف کارروائی سے بھی روکدیا اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو 7 دسمبر کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔