عمران خان کے خلاف نیا توشہ خانہ کیس کھل گیا، 10 قیمتی تحائف لئے بغیر بیچنے کا الزام

19 مئی ، 2024

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی، جنگ رپورٹر )بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کیخلاف نیا توشہ خانہ کیس کھل گیا ،10قیمتی تحائف لیے بغیر بیچنے کا الزام عائد ۔تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیور اب بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف ایک نہیں بلکہ 7 قیمتی گھڑیوں، ہیرے اور سونے کے زیورات سمیت 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے کی تحقیقات کرے گا۔انکوائری رپورٹ کے مطابق نیا کیس 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے، گراف واچ ، رولیکس گھڑیاں، ہیرے اور سونے کے سیٹ کیس کا حصہ ہیں ،تحفے قانون کے مطابق اپنی ملکیت میں لئے بغیر ہی بیچے گئے ، گراف واچ کا قیمتی سیٹ بھی “ریٹین” کئے بغیر ہی بیچ دیا گیا، نجی تخمینہ ساز کی ملی بھگت سے گراف واچ کے خریدار کو فائدہ پہنچایا گیا۔تخمینہ ساز کا توشہ خانہ سے ای میل آنے سے پہلے ہی گھڑی کی قیمت 3 کروڑ کم لگانا ملی بھگت کا ثبوت ہے۔ انکوائری رپورٹ کے مطابق گراف واچ کی قیمت10 کروڑ 9 لاکھ 20 ہزار روپے لگائی گئی،20 فیصد رقم ، 2 کروڑ ایک لاکھ 78 ہزار روپے سرکاری خزانے کو دیئے گئے جبکہ ہر تحفے کو پہلے رپورٹ کرنا اور توشہ خانہ میں جمع کروانا لازم ہے، صرف 30 ہزار روپے تک کی مالیت کے تحائف مفت اپنے پاس رکھے جا سکتے ہیں۔