کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز پر جرگہ کا خصوصی پروگرام کوئٹہ میں منعقدہ پاکستان لٹریچر فیسٹیول کے موقع پر ریکارڈ کیا گیا۔پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سیاسی رہنمائوں نے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ مذاکرات سے حل کیا جائے، سربراہ نیشنل پارٹی ڈاکٹر مالک بلوچ اور جنرل سیکرٹری پشونخوا ملی عوامی پارٹی عبدالرحیم زیارت وال نے نے کہا کہ آئین پر عملدرآمد ضروری ہے، اسی نے سب کو اکھٹا کررکھا ہے، صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقی ظہور بلیدی اور صوبائی حکومت کے ترجمان شاہد رند نے کہا کہ سیاستدان جھوٹ بولنا بند کریں، پورا سچ بولیں ۔ تفصیلات کے مطابق جیو نیوز پر جرگہ کے خصوصی پروگرام میں سربراہ نیشنل پارٹی ڈاکٹر مالک بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے فیڈریشن کے ساتھ کبھی ٹھیک نہیں رہے ہیں، بلوچستان کی فیڈریشن میں نمائندگی کم ہے جبکہ بڑی پارٹیاں نمائندگی دیکھتی ہیں، بلوچستان کے ساتھ معاشی اور سیاسی زیادتیاں کی جارہی ہیں، بلوچستان کی حقیقی قیادت کو گراس روٹ لیول تک محدود رکھا گیا ہے، بلوچستان کا سب سے بڑا مسئلہ عسکریت پسندی اور لاپتہ افراد کا ہے، وفاقی حکومت اور عسکری قیادت اس مسئلہ کو بات چیت کے ذریعہ حل کرے، 2002ء سے تاحال لاپتہ افراد کا مسئلہ بندوق کے ذریعہ حل کرنے کی کوشش ہورہی ہے جو ناممکن ہے، بلوچستان کے بڑے مسئلوں میں ایک کرپشن ہے،بلوچستان کے معدنی وسائل اور گیس کو بری طرح لوٹا گیا، گوادر پورٹ سے بلوچستان کو ایک پیسہ بھی نہیں ملتا ہے، ریکوڈک کے ساتھ کیا ہوا ہمیں ابھی تک معلوم نہیں ہے۔ڈاکٹر مالک بلوچ کا کہنا تھا کہ جب تک آئین پر عملدرآمد نہیں ہوتا اور ہر ادارہ اپنی حدود میں نہیں رہتا حالات ٹھیک ہونا بہت مشکل ہے، ہمیں ایک دفعہ پھر ووٹ کے حق کیلئے جدوجہد کرنا ہے، اس دفعہ بلوچستان میں الیکشن نہیں آکشن ہوئے تھے، بلوچستان اور پاکستان کے مسائل کا حل جمہوریت میں ہے، 1973ء کے آئین کو نہیں مانا گیا تو ہم نئے سوشل کانٹریکٹ کی بات کرنے پر مجبور ہیں۔ جنرل سیکرٹری پشونخوا ملی عوامی پارٹی عبدالرحیم زیارت وال نے کہا کہ آئین وہ دستاویز ہے جس نے ملک کو اکٹھا رکھا ہوا ہے، بلوچستان میں لوگ دفعہ 144کی خلاف ورزی پر سالوں جیل میں رہتے ہیں اور آئین توڑنے والے کا کوئی نام نہیں لیتا ہے،پاکستان کو بچانا ہے تو صرف سچ بچاسکتا ہے، یہ ان اسمبلیوں کی بات کرتے ہیں جو کروڑوں اربوں میں خریدی گئی ہیں جہاں حالیہ الیکشن میں پیسے دیئے گئے، آٹھ مہینے سے چمن کے لوگوں پر روزگار کے دروازے بند ہیں، الیکشن چوری کرنے کیلئے اس دفعہ جتنا بھونڈا طریقہ اختیار کیا گیا اس پر ساری دنیا حیران ہے، سرمایہ کاری کونسل کے نام پر ہماری معدنیات پر قبضہ کیاجارہا ہے جو ہمیں قبول نہیں ہے۔ صوبائی وزیرخزانہ بلوچستان شعیب نوشیروانی نے کہا کہ آئین کو نہ ماننے والے ملک کا نقصان چاہتے ہیں، آئین کے تحت بلوچستان کو حقوق نہیں ملے تو بڑا لمحہ فکریہ ہے، پاکستان میں ہر الیکشن متنازع رہا ہے، کسی حکومت نے جمہوریت کی اصل روح لوکل باڈیز کو فعال نہیں کیا۔ صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقی بلوچستان ظہور بلیدی نے کہا کہ بلوچستان کے مسئلے کا حل افہام و تفہیم اور مذاکرات کے ذریعہ ہی نکل سکتا ہے، سیاستدان لوگوں سے جھوٹ بولنا بند کریں، من گھڑت بیانیہ جس کی وجہ سے نوجوانوں کا نقصان ہورہا ہے سیاستدان اسے اپنے طور پر بدلنے کی کوشش کریں، یہاں جس کو اقتدار نہیں ملتا وہ انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگادیتا ہے۔ ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ مذاکرات سے حل ہوگا، پہلے سیاستدان کو کنفیوژن دور کرنا ہوگی کہ مذاکرات کس کے ساتھ ہوں گے، کیا مذاکرات اس کے ساتھ ہوں جو یورپ میں بیٹھا ہے یا جس نے ہتھیاراٹھائے ہوئے ہیں یا اس کے ساتھ ہوں جو گوادر کی شاہراہ پر بیٹھا پانی، صحت اور روزگار مانگ رہا ہے، 1970ء کے بعد سے آج تک الیکشن ٹھیک نہیں ہوئے، اٹھارہویں ترمیم کے بعد ہمیں بلوچستان کے عوام کے مسائل زرغون روڈ سے حل کرنا ہوں گے، اس کے بعد ہم کہیں فیڈریشن ذمہ دار ہے تو کسی حد تک ہوگی۔ شاہد رند کا کہنا تھا کہ ثناء اللہ مینگل بلوچستان اسمبلی میں پانچ سال ایم پی اے رہے اٹھارہویں ترمیم کے بعد کتنی قانون سازی کی، یہ نہیں ہوسکتا مرضی کا آدھا سچ بولیں آدھا سچ چھپائیں۔ بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے رہنما ثناء اللہ مینگل نے کہا کہ بلوچستان کا فیڈریشن کے ساتھ تعلق نیم حکیم اور مریض جیسا ہے، فیڈریشن بلوچستان کے ہر مسئلہ کا حل گھونسے میں ڈھونڈتا ہے، پورے پاکستان کے مسئلہ کا حل گھونسے والا مارشل لاء ہے یا گھونسے والی فارم 47ہے یا گھونسے والی سیاست ہے یا گھونسے والی الیکشن ہے، پاکستان میں پندرہ ہزار میگاواٹ اضافی بجلی پیدا ہورہی ہے لیکن بلوچستان کو 800میگاواٹ بجلی نہیں ملی رہی۔ثناء اللہ مینگل کا کہنا تھا کہ آپ باقی آئین چھوڑ دیں کم از کم لوگوں کو جبری گمشدہ کرنے کے حوالے سے آرٹیکل پر تو عملدرآمد کریں۔
اسلام آ باد :وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آ باد میں پولیو مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک سے...
کراچی بھارت اور فرانس 28 اپریل کو فرانسیسی وزیر دفاع سیبسٹین لیکورنو کی موجودگی میں بھارتی بحریہ کے لئے26...
واشنگٹن صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے محصولات کے اعلانات کے نتیجے میں بازاروں میں ہلچل مچنے سے پہلے میٹاکارپوریشن کے...
کراچی امریکہ، ایران میں جوہری مذاکرات کے تیسرے دور کا اعلان، آگے کیا ہوگا؟ دونوں جانب سے تکنیکی ماہرین کی...
اسلام آباد جمعیت العلمائے اسلام سندھ کے سربراہ علامہ راشد محمود سومرو نے نہروں کے سوال پر 24؍، 25؍ اور 26؍...
کراچیعالمی شہرت یافتہ ہالی وڈ اداکارہ انجلینا جولی نے بھی سوشل میڈیا پر فلسطینیوں کے حق میں پوسٹ شیئر...
کراچی امریکی سپریم کورٹ نے ہفتے کی صبح ایک عارضی حکم جاری کرتے ہوئے وینزویلا کے تارکین وطن کے ایک گروپ کی ملک...
کراچی سعودی عرب نے ٹرمپ انتظامیہ کے ایران کے ساتھ جوہری مذاکرات کی حمایت کی ہے، سعودیہ کا یہ موقف دس سال قبل...