نواز شریف IT سٹی کیلئے CBD اور 15آئی ٹی، ایجوکیشن کمپنیز میں ایم اویوز پر دستخط

19 مئی ، 2024

لاہور(خصوصی نمائندہ،مانیٹرنگ سیل ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے پاکستان کے پہلے نوازشریف آئی ٹی سٹی پراجیکٹ کی کمرشل لانچنگ کر دی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے نواز شریف آئی ٹی سٹی کے آفیشل ”لوگو“ کی رونمائی کی۔ نوازشریف آئی ٹی سٹی کے بارے میں معلوماتی ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئی۔ نواز شریف آئی ٹی سٹی کے لئے سی بی ڈی اور 15 آئی ٹی اور ایجوکیشن کمپنیوں کے درمیان ایم او یو پر دستخط بھی کئے گئے۔ سی بی ڈی کے سی او او منصور جنجوعہ اور ملکی اور غیر ملکی اداروں کے نمائندگان نے ایم او یوز پر دستخط کئے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اڑھائی ماہ کی قلیل مدت میں پاکستان کے پہلےآئی ٹی سٹی کاافتتاح کردیا، قائد نوازشریف ہی ملک میں تھری جی،فورجی لے کر آئے، نوازشریف نے ہی ملک میں آئی ٹی سٹی منصوبے کی بنیاد رکھی تھی،دنیا کی ٹاپ یونیورسٹیز سے کہا ہے یہاں اپنے کیمپس کھولیں اس سٹی سے بچے اوربچیوں کواعلیٰ تعلیم کے مواقع ملیں گےجوسرمایہ کاری کرناچاہتےہیں ان کیلئےبہترین موقع ہے، ہم نے آئی ٹی سٹی کو10سال کیلئے ٹیکس فری کردیاہے، بڑی کمپنیز نےآئی ٹی سٹی میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی،10 کمپنیاں اپنے آفس بنانے آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی 853 ایکڑ پر مشتمل ہے۔ آئی ٹی سٹی میں سرمایہ کاری کےخواہش مندوں کو مراعات دیں گے۔کمپنیوں کو لینڈ چاہیے تو لینڈ دیں گے گرے سٹرکچر چاہیئے تو وہ بنا کر دیں گے۔ نوجوانوں کی آئی ٹی میں ترقی کے لیے انکیوبیٹرز بنا کردیں گے، نوجوان تین ماہ میں اپنا کام شروع کریں۔ چند دن پہلے چار ہزار بچوں کے لیے سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کیا ہے جس میں مارکیٹ بیسڈ آئی ٹی کے کورسز کرانے جا رہے ہیں۔ نواز شریف آئی ٹی سٹی میں آئی ٹی اینڈ ٹیک ڈسٹرکٹ، نالج سٹی اور فلم سٹی ہوگا۔ نالج میں انٹرنیشنل یونیورسٹیاں اپنے کیمپس بنائیں گی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ فلم کی ترقی کے لئے نواز شریف آئی ٹی سٹی میں فلم سٹی بنے گا جس میں جدید ساز و سامان اور ٹیکنالوجی ہوگی ۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کےنوجوانوں میں بےپناہ صلاحیتیں موجود ہیں، ہمیں نوجوانوں کی صلاحیتوں کوملک کی ترقی کیلئے استعمال کرناہوگا،نوجوانوں کو الیکٹرک موٹربائیکس دے رہےہیں، ماحول کو بہتربنانے کیلئے ای بائیکس کی طرف جانا ہوگا،10ہزاربچیوں کی ای بائیکس کیلئے درخواستیں آئی ہیں،20 جبکہ ہزار ای بائیکس دینے کا پلان ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کی ٹاپ یونیورسٹیزسےبات کی ہےکہ وہ نالج سٹی میں کیمپس کھولیں تاکہ ہمارے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع ملیں، طلبہ کیلئے لیپ ٹاپ سکیم دوبارہ شروع کررہے ہیں، وائی فائی فری سروس بھی پنجاب کے تمام اضلاع میں لے کر جائیں گے۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ہدایت کی کہ ایک سال میں آئی ٹی کی سٹی کی دس بلدنگز بن جانی چاہیں۔اس موقع پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا نمایاں مظاہرہ کرنے والوں کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ایوارڈ حاصل کرنے والوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ سی ای او سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی عمران امین نے این ایس آئی ٹی کے اغراض ومقاصد سے آگاہ کیا۔سی ای او عمران امین نے بتایا کہ پاکستان کا پہلا ڈیٹا سنٹرنواز شریف آئی ٹی سٹی میں قائم کیا جا رہا ہے۔ چین، امریکہ، ترکی اور دیگر ممالک کے سفیروں نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔سینیٹر پرویز رشید، وفاقی وزیر شیزا خواجہ، سینئر منسٹرمریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، صوبائی وزرا ء خواجہ سلمان رفیق،مجتبیٰ شجاع الرحمن،صہیب احمد برتھ، ذیشان رفیق، بلال اکبر،معاون خصوصی ذیشان ملک، ایم پی اے ثانیہ عاشق،چیف سیکرٹری، چیئرمین روڈا اظفر ناصر، کمشنر اور دیگر حکام موجود تھے۔دریں اثناءوزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت بورڈ آف ریونیوریفارمزسے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا - پنجاب اربن لینڈ سسٹمز ان ہانسمنٹ (Pulse) پراجیکٹ پر بریفنگ دی گئی-عالمی بینک کے تعاون سے پلس پراجیکٹ لینڈ ریکارڈ ڈیجیٹلائزیشن شروع ،حکومت کلیئر پراپرٹی کو گرین‘ ایشوز والی لینڈ کو یلو اور ریڈ ڈکلیئر کریگیمریم نواز نے ڈیجیٹلائزیشن کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی-لینڈ ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں متعلقہ محکموں کے اشتراک کار کو یقینی بنانے کا حکم دیا-بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے پلس پراجیکٹ کے تحت لینڈ ریکارڈ ڈیجیٹلائزیشن کی جا رہی ہے۔ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی اور مینجمنٹ آف سٹیٹ لینڈ نے بزنس پلان کے امور پر بریفنگ دی گئی -پنجاب کے تمام موضع جات کی آنر بیسڈ ڈیجیٹلائزیشن کی جائے گی- پارٹیشن آف لینڈاور پارسل ڈاکومنٹ کے ذریعے ریونیو سسٹم کو شفاف بنایا جائے گا-گورنمنٹ ہر طرح سے کلیر پراپرٹی کو گرین ڈیکلیر کرے گی -ایشو ز والی لینڈ کو ییلو اور ریڈ ڈیکلیر کیاجائے گا -مشترکہ کھاتے کا سسٹم ختم کرنے کی تجویز کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے گا -ہر خریدار کو علیحدہ پراپرٹی نمبر ملنے سے قانونی پیچیدگیاں کم ہوں گی- فرد ملکیت اورانتقال اراضی کے سسٹم کو بھی ڈیجیٹلائزیشن کر کے آسان بنایا جائے گا- بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے اوورسیز پراپرٹی ٹرانسفر سروس کا جائزہ لیاگیا- اوورسیز پراپرٹی ٹرانسفر سروس میں فرد، میوٹیشن،ای گرد آوری اور رجسٹریشن کی سہولت دی جارہی ہے۔وزیر اعلیٰ نے نارووال کے علاقے بدو ملہی میں اوباش گینگ کا خواتین سے زیادتی کے مبینہ واقعات کا نوٹس لیا ہے اور انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے-مریم نواز نے اوباش گینگ کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ عصمت دری میں ملوث سماج دشمن گینگ کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔