ریٹائرڈ ڈی ایس پی کے بیٹے کا قتل

19 مئی ، 2024

اٹک(نمائندہ جنگ ) ٹریفک پولیس کے ریٹائرڈ ڈی ایس پی کے بیٹے کو اس کے برادر نسبتی نے اپنی بہن اور والدہ کے ہمراہ فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا ۔69سالہ ریٹائرڈ ڈی ایس پی ٹریفک اٹک مرزا اختر بیگ نے تھانہ حضر ومیں ایف آئی آر درج کرائی کہ اس کے 26سالہ بیٹے حارث بیگ کی شادی اقراء دختر خلیل شیر علی ہوئی۔ گھریلو رنجش کی وجہ سے میری بہواپنے والدین کے گھر آگئی تھی جس کو راضی کرنے کے معاملات چل رہے تھے کہ سترہ مئی کو میر ے بیٹے کو اس کی بیوی نے فون کیا اوراپنے گھر بلایا۔ بیٹا منصوربیگ کے ہمراہ موٹرسائیکل پر وہاں گیا اور کافی انتظار کے بعد گھر نہ آیاتو میں بھی وہاں چلا گیا ۔ تھوڑی دیر گزرنے کے بعد رات ساڑھے گیارہ بجے میرے بیٹے کے سسرال کے گھر سے لڑائی جھگڑے اور فائرکی آواز آئی ،جس پرمیں اور منصور بیگ جب سسرال کی کوارٹر کی جانب گئے تو مارکیٹ کے سامنے میرے بیٹے کا سالہ شیر علی ،اس کی بہن اقراء اور والدہ عاصمہ سعید گھر سے نکل کر سڑک کی جانب آئے ۔شیر علی کے ہاتھ میں پسٹل تھا جب میں کوارٹرمیں پہنچا تو میرا بیٹا حارث بیگ خون میں لت پت پڑا تھا جس کو چھری اور فائر کے نشانا ت لگے ہوئے تھے جوضر بات کی تاب نہ لا کر جاں بحق ہو گیا۔ملزمان شیر علی وغیر ہ نے پلاننگ کرکے میرے بیٹے کو راضی نامہ کی غرض اور بہانہ بنا کر قتل کیا ۔ لاش کا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حضروسے پوسٹ مارٹم کیا گیا۔