اسلام آباد پولیس کی اپ گریڈیشن، سعودی عرب کی تعاون کی یقین دہانی

19 مئی ، 2024

اسلام آباد (طاہر خلیل) اسلام آباد پولیس کی اپ گریڈیشن، سعودی عرب نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرا دی، پاکستان میں سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات میں کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کی تاریخی دوستی سود مند معاشی تعلقات میں بدل رہی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب کے سفارت خانے کا دورہ کیا۔ سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے وفاقی وزیر کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر سعودی سفیر نے اسلام آباد پولیس کی بہتری کے لئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف سی کے جوانوں کے لئے رہائش کا انتظام کرنے پر سعودی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے دوران سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں برما کے مسلمانوں کے لئے سفری دستاویزات پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کے عوام سعودی عرب کے ولی عہد کے دورے کے منتظر ہیں۔ سعودی سفیر نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا سنٹر شملہ پہاڑی لاہور کا اچانک دورہ کیا۔ شہریوں نے آگاہ کیا کہ اب باری جلد آرہی ہے اور انتظار نہیں کرنا پڑ رہا۔ شہریوں نے سسٹم کی بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا اور وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر داخلہ نے نادرا سنٹر شملہ پہاڑی کے شفٹ انچارج اور متعلقہ عملے کو شاباش دی۔ انہوں نے مختلف کائونٹرز پر جاکر شہریوں سے ملاقات کی اور مسائل بھی پوچھے۔ انہوں نے رات کی شفٹ میں رش کو بہتر طریقے سے مینج کرنے کا حکم دیا۔