آئی سی ٹی سروسز کی برآمدی ترسیلات میں 31 کروڑ ڈالرز کا تاریخی اضافہ

19 مئی ، 2024

اسلام آباد (ناصر چشتی، خصوصی نمائندہ) پاکستان کی آئی سی ٹی سروسز کی برآمدی ترسیلات میں اپریل 2024 میں 31 کروڑ ڈالرز کا تاریخی اضافہ ہوا ہے۔ وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ نے اس سلسلہ میں بتایا کہ پاکستان کی تاریخ میں ایک مہینہ میں آئی ٹی برآمدات میں اتنا اضافہ پہلی دفعہ ہوا ہے۔ آئی ٹی برآمدات میں گزشتہ سال اپریل کے مہینے کے مقابلے میں 62.3 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ مالی سال 2023-24 کے جولائی 2023 سے اپریل 2024 کے دوران آئی ٹی برآمدات گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے 2.135 ارب ڈالرز کے مقابلے میں 2.593 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی ہیں۔ شزہ فاطمہ نے کہا کہ آئی ٹی برآمدات میں اضافہ لانا موجودہ حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔ آئی ٹی برآمدات میں یہ اضافہ وزیراعظم پاکستان کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا آئی ٹی برآمدات میں اضافہ کے لئے اقدامات جاری ہیں، ایس آئی ایف سی کی بھرپور معاونت سے وزارت آئی ٹی، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ آئی ٹی برآمدات میں اضافہ کے لئے کوشاں ہیں۔