سپریم کورٹ کا توہین عدالت پر مبنی موادچلانے پر میڈیا کیخلاف کارروائی کا عندیہ

19 مئی ، 2024

اسلام آباد (جنگ رپورٹر)سپریم کورٹ نے توہین عدالت پر مبنی مواد چلانے پر میڈیا کیخلاف کارروائی کا عندیہ دیدیا۔ ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی مصطفی کمال اور آزاد سینٹر فیصل وواڈا کے خلاف توہین عدالت کے مقدمہ کی سماعت کا تحریری حکمنامہ کے مطابق توہین عدالت پر مبنی مواد نشر کرنے والے میڈیا ادارے بھی توہین عدالت کر رہے ہیں ،میڈیا اداروں کو توہین عدالت پر مبنی مواد نشر کرنے سے باز رہنا چاہیے ،ایسا مواد نشر کرنے پر انکے خلاف بھی توہین عدالت کی کارروائی کی جاسکتی ہے،بادی النظر میں فیصل وواڈا اور مصطفی کمال کی پریس کانفرنسیں توہین عدالت کے زمرہ میں آتی ہیں، عدالت دونوں کو اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کرنے مجبور ہے ،ان کو دو ہفتوں میں وضاحت پیش کرنے کا ایک موقع دیا جا رہا ہے،آئندہ سماعت پر دونوں ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہوں،عدالت نے پیمرا سے فیصل واڈا اور مصطفی کمال کی پریس کانفرنسوں کا مکمل متن طلب کرلیا ۔