غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش، پاکستانیوں سمیت 487 افراد کو بچا لیا گیا

28 نومبر ، 2021

کراچی (نیوزڈیسک )تیونس میں پاکستانیوں سمیت سیکڑوں غیر ملکیوں کو یورپ جانے کی غیر قانونی کوشش کے دوران روک لیا گیا، یہ افراد خطرناک طریقے سے یورپ جانے کی کوشش میں تھے۔حکام کے مطابق گنجائش سے زیادہ بھری کشتی کو اہلکاروں نے بحیرہ روم میں پکڑا ،تفصیلات کے مطابق تیونس میں 93 بچوں سمیت 487 تارکین وطن کو بحیرہ روم کے ذریعے غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش کے دوران ریسکیو کرلیا گیا ہے۔ عرب نیوز نے تیونسی وزارت دفاع کے حوالے سے بتایا ہے کہ جمعے کے روز جس کشتی کو ریسکیو کیا گیا ہے اس میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے۔وزارت دفاع کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ افراد پڑوسی ملک لیبیا سے روانہ ہوئے اور ان میں افریقہ، ایشیا اور مشرق وسطیٰ سے تعلق رکھنے والے تارکین بھی شامل تھے۔