لندن: پاکستانی سیاستدان پربچوں سے جنسی جرائم میں الزام میں مقدمہ

21 مئی ، 2024

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) پاکستانی سیاست دان پر بچوں سے جنسی جرائم کے الزام میں مقدمہ، خان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ بے قصور ہیں، برطانیہ کے پراسیکیوشن کے الزامات کی تردید کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مانسہرہ، ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے معروف سیاسی گھرانے سے تعلق رکھنے والے ایک سینئر پاکستانی سیاست دان پر بچے سے جنسی زیادتی کے دو مبینہ الزامات پر مقدمہ چل رہا ہے۔ تفصیلات سامنے آئی ہیں کہ کس طرح60سالہ محمد خرم خان اپنے بیٹے کی لاء گریجویشن کی تقریب میں شرکت کے لئے برطانیہ پہنچا لیکن مبینہ طور پر جنسی مقاصد کے لئے ایک بچے کے ساتھ مشغول ہوگیا اور جاسوسوں کے ہاتھوں پکڑا گیا۔ کنگسٹن کراؤن کورٹ میں استغاثہ نے جج کو بتایا کہ محمد خرم خان پر دو الزامات عائد کئے گئے ہیں، جن میں ایک بچے کے ساتھ جنسی رابطے کی کوشش یا بچوں کے جنسی جرم کے ارتکاب کی سہولت فراہم کرنا شامل ہیں۔ محمد خرم خان، جو وزیٹر ویزے پر برطانیہ میں ہیں اور خان خیل قبیلے سے تعلق رکھتے ہیں، وینڈز ورتھ جیل میں اپنے سیل سے کنگسٹن کراؤن کورٹ میں ویڈیو لنک کے ذریعے جج کے سامنے پیش ہوئے۔ انہیں اس سال کے شروع میں گرفتار کیا گیا تھا اور ابھی تک ضمانت نہیں دی گئی۔ سماعت میں ان کی نمائندگی ان کی وکیل چارلین سمنال نے کی۔