اوبر نے الیکٹرک گاڑیوں کی خریداری کیلئے 5,000 پائونڈ گرانٹ کی پیشکش کردی

21 مئی ، 2024

لندن (پی اے) اوبر نے ڈرائیوروں کو الیکٹرک گاڑیوں کی خریداری کیلئے 5,000پائونڈ گرانٹ کی پیشکش کردی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس سے کمپنی کو 2025تک تمام گاڑیوں کو مکمل طورپر الیکٹرک گاڑیوں میں تبدیل کرنے کا وعدہ پورا کرنے میں مدد ملے گی۔ ڈرائیور اس رقم کو الیکٹرک کار کی خریداری یا ہفتہ وار ادائیگی یا rent-to-buy معاہدے کیلئے استعمال کرسکیں گے۔ اوبر نے اپنے ڈرائیوروں کیلئے مخصوص ای وی گاڑیوں پر 12,000 سے 17,000 پائونڈ تک کی رعایت حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے، فی الوقت لندن میں اوبر کے ذریعے طے کیا جانے والا کم وبیش 25 فیصد سفر الیکٹرک گاڑیوں سے ہوتا ہے۔ برطانیہ میں اوبر کی کم وبیش 100,000 گاڑیاں ہیں، جن میں سے 50 فیصد لندن میں چلتی ہیں۔ اوبر یوکے کے جنرل منیجر اینڈریو بریم کا کہنا ہے کہ اب الیکٹرک پر تبدیلی تیز کرنے کا وقت آگیا ہے۔ پالیسی سازوں کی مسلسل کارروائیوں اور انڈسٹری میں سرمایہ کاری کے بغیر ہم اجتماعی طورپر آلودگی کے مکمل خاتمے کا ہدف حاصل نہیں کرسکیں گے۔ لندن کے میئر صادق خان کا کہنا ہے کہ میں 2030 تک لندن کو آلودگی سے مکمل طورپر پاک شہر بنانے کے عزم پر قائم ہوں اور اپنی بسوں اور کاروں کو الیکٹرک میں تبدیل کرنا اس کیلئے کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں اوبر کی جانب سے گاڑیوں کو الیکٹرک میں تبدیل کرنے کیلئے اس قدم کا خیرمقدم کرتا ہوں، اس طرح کی اسکیموں سے لندن کو ہر ایک کیلئے سرسبز بنانے میں مدد ملے گی۔