کے الیکٹرک نے مظالم کی تمام حدیں پار کرلیں، اراکین اسمبلی متحدہ پاکستان

21 مئی ، 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکین سندھ اسمبلی عامر صدیقی ،دانیال احمد اور فرح سہیل کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک نے عوام پر مظالم کی تمام حدیں پار کرلی ہیں،انہوں نے استفسار کیا کہ آج کے ای کو لگام ڈالنے کے لئے ریاست کہاں ہے ؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کرکے کسی اور کمپنی کو ٹھیکہ دیا جائے، وہ شہر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف ٹیپو سلطان روڈ پر کے الیکٹرک کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کررہے تھے، جس میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، اراکین اسمبلی نے کہا کہ آج مارٹن ، کلیٹن اور جیل کوارٹرز سمیت ملحقہ علاقوں کے رہائشی سراپا احتجاج ہیں ،نیپرا قوانین کے تحت ساڑھے 7گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ نہیں ہوسکتی، اس کے برعکس مختلف علاقوں میں15 سے18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے اور اعلانیہ و غیر اعلانیہ بجلی بندش کا سلسلہ بھی جاری ہے، جب کہ زائدبلنگ نے پہلے ہی عوام کی کمر توڑ رکھی ہے، انہوں نے اعلان کیا کہ ہم سپریم کورٹ میں کے ای کے لائسنس کی تجدید کے خلاف درخواست دینگے ،انہوں نے کہاکہ لوگ بچوں کی فیس نہیں بھر رہے ہ بجلی کا بل ادا کررہے ہیں۔