ترکیہ سے تجارتی حجم 5 ارب ڈالر سالانہ کی سطح پر لائیں گے، وزیراعظم

21 مئی ، 2024

اسلام آباد(اے پی پی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترکیہ سے تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر سالانہ کی سطح پر لائیں گے،انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، دفاع، سرمایہ کاری، بینکنگ، سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔ پیر کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سے پیر کو وزیر اعظم سے ترکیہ کے وزیرِ خارجہ ہاکان فیدان نے یہاں ملاقات کی۔ پاکستان اور ترکیہ کے مابین خصوصی اہمیت کے حامل برادرانہ تعلقات کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات کے فروغ پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا۔وزیرِ اعظم نے دونوں ممالک کے مختلف شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور دفاعی شعبے میں پاکستان کی جانب سے باہمی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔