کم لائن لاسز میں آئیسکو سرفہرست‘ سب سے زیادہ لائن لاسز پیسکو

21 مئی ، 2024

اسلام آباد ( رپورٹ:حنیف خالد) پاکستان میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں کارکردگی کے اعتبار سے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کو سب سے بہترین قرار دیا ہے جبکہ سب سے زیادہ لائن لاسز پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے سامنے آئے ہیں۔بجلی 9تقسیم کار کمپنیوں میں آئیسکو لائن لاسز صرف 5فیصد‘ پیسکو 35فیصد سے زائد،فیسکو 6فیصد،گیپکو کے 6فیصد ہے لیسکو 8اعشاریہ 7فیصد‘ میپکو کے 12 ،حیسکو 24 ‘ کیسکو 25اعشاریہ چھ‘ سکھر بجلی کمپنی کے 32فیصد سے زائدلائن لاسز ہیں ، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے مارچ 2024ء تک کے اعدادو شمار کےمطابق لائن لاسز (چوری اور تکنیکی فالٹ) کے زمرے میں 35اعشاریہ ایک فیصد بجلی چوری یا تکنیکی خرابی کی بھینٹ چڑھ رہی ہے۔ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے لائن لاسز کے زمرے میں سب سے کم 5اعشاریہ دو فیصد بجلی ضائع ہو رہی ہے۔ آئیسکو کے بعد دوسرے نمبر پر فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے لائن لاسز پانچ اعشاریہ نو فیصد بتائے گئے ہیں۔ آئیسکو اور فیسکو کے بعد گوجرانوالہ الیکٹرک پاور سپلائی کمپنی کے لائن لاسز 6اعشاریہ تین فیصد ریکارڈ کئے گئے ہیں جبکہ ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنی کے لائن لاسز 11اعشاریہ نو فیصد بتائے گئے ہیں۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے لائن لاسز 8اعشاریہ سات فیصد ریکارڈ کئے گئے ہیں۔ پیسکو کے 35اعشاریہ ایک فیصد کے بعد سب سے زیادہ لائن لاسز سندھ کی سکھر الیکٹرک کمپنی کے ریکارڈ پر لائن لاسز 32اعشاریہ دو فیصد ہیں۔ کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے لائن لاسز 25اعشاریہ چھ فیصد ریکارڈ کئے گئے ہیں جبکہ حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے لائن لاسز 24فیصد بتائے گئے ہیں۔ اس طرح خیبر پختونخوا‘ سندھ‘ بلوچستان کی الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کے لائن لاسز 24فیصد سے 35فیصد تک ہونے لگے ہیں جبکہ اسلام آباد کی الیکٹرک سپلائی کمپنی کے لائن لاسز 5اعشاریہ دو فیصد‘ فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے 5اعشاریہ نو فیصد‘ گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے 6اعشاریہ تین فیصد‘ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے لائن لاسز 8اعشاریہ سات فیصد‘ ملتان الیکٹرک پاور کمپنی کے لائن لاسز 11اعشاریہ نو فیصد ہیں۔ اس طرح اسلام آباد‘ پنجاب کی الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کے لائن لاسز سے نہ صرف دوگنے بلکہ تین گنا زیادہ لائن لاسز پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے بتائے گئے ہیں۔ البتہ سندھ کی حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی‘ کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی‘ سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی کے لائن لاسز اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے مقابلے میں پانچ سے سات گنا زیادہ ریکارڈ پر موجود ہیں۔ مارچ 2024ء کے وزارت توانائی کے اعدادو شمار کے مطابق فراہم کی جانیوالی بجلی کی وصولیاں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی 100فیصد ہے۔ گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کی 92فیصد‘ فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی 90فیصد‘ ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنی کی 86اعشاریہ چار فیصد‘ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی 83اعشاریہ بہتر فیصد‘ سکھر پاور سپلائی کمپنی کی 80فیصد‘ کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کی 79فیصد‘ حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی وصولیاں 79فیصد ریکارڈ کی گئی ہیں۔ پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے بلوں کی وصولیاں91فیصد ہیں۔