صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کا اظہار افسوس، آج یوم سوگ کا اعلان ، عالم اسلام عظیم رہنما سے محروم ہوگیا، صدرمملکت

21 مئی ، 2024

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ، نیوز رپورٹر، خبر نگار ) صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نےایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں وفات پر گہرے صدمے اور افسوس کا اظہار کیا ہے ،وزیراعظم نے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ایران کے صدر اور انکے ساتھیوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے آج یوم سوگ کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ ڈاکٹر ابراہیم رئیسی پاکستان کے اچھے دوست تھے، صدر رئیسی اور ان کے ساتھیوں کے احترام اور برادر ایران کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے آج پورے ملک میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا، کابینہ ڈویژن نے ایرانی صدر کی شہادت پر یوم سوگ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا،شہباز شریف نے تعزیت کیلئے ایرانی سفارتخانے کا دورہ بھی کیا ۔ صدر آصف علی زرداری نے مسلم امہ کیلئے سابق صدر ابراہیم رئیسی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ عالم اسلام ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گیا،صدر رئیسی کا انتقال نہ صرف ایران بلکہ پوری امت مسلمہ کیلئے ایک بڑا نقصان ہے،انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کی روح کو سکون ،ان کے اہل خانہ اور ایران کے عوام کو صبر و استقامت عطا فرمائے۔پیر کوایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ اس بڑے نقصان پر ایرانی قوم کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، انہوں نے کہا عظیم ایرانی قوم روایتی ہمت کے ساتھ اس سانحے پر قابو پالے گی ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حادثے میں شہید ہونے والوں کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ ادھروزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی سفارتخانہ کا دورہ کیا، انہوں نے پاکستان میں ایرانی سفیر سے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے پر اظہار تعزیت کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مجھے اپنے بھائی ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی ہیلی کاپٹر کے حادثے میں شہادت کی المناک خبر سے گہرا صدمہ اور غم ہوا ، ہم دکھ اور غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں اور اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، ہماری تمام تر ہمدردیاں اور دعائیں شہداء کے اہلخانہ اور ایرانی عوام کے ساتھ ہیں،صدرابراہیم رئیسی ایک شاندار عالم اور بصیرت رکھنے والے رہنما تھے، پاکستان نے مخلص اور اعلیٰ خصوصیات کا مالک بھائیوں جیسا دوست کھودیا، ان کی اپنی قوم کیساتھ ساتھ پاکستان ایران تعلقات اور علاقائی تعاون کی مضبوطی کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔ پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے وزیرِاعظم شہباز شریف اور پاکستانی قوم کا مشکل کی اس گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑے رہنے پر شکریہ ادا کیا۔ شہباز شریف نے ایرانی صدر کے اعزاز میں سفارتخانہ کی وزیٹر بک میں تعزیتی کلمات بھی درج کئے۔ دریں اثناء چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی ، سپیکرقومی اسمبلی ایازصادق،وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ،وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر ابراہیم ریئسی اور دیگر ساتھیوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیاہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام مشکل وقت میں ایران کے ساتھ کھڑے ہیں،ایرانی حکومت اور عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور تحریک انصاف کے موجودہ چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر اور وزیر خارجہ کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں ایرانی عوام کیساتھ ہیں۔