اسلحہ و شراب برآمدگی کیس ، وزیر اعلیٰ KPکو حاضری سے استثنیٰ مل گیا

21 مئی ، 2024

اسلام آباد (خبر نگار)غیر قانونی اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں وزیر اعلی خیبر پختو نخوا کو حاضری سے استثنیٰ مل گیا، پیر کو علی امین گنڈا پور کا دفعہ 342 کا بیان قلمبند نہ ہو سکا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد صہیب بلال رانجھا نے مقدمے کی سماعت 6 جون تک ملتوی کردی ، قبل ازیں وکیل صفائی ظہور الحسن ایڈووکیٹ نے صوبائی بجٹ سیشن کی وجہ سے علی امین گنڈاپور کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی استدعا کی جو عدالت نے منظور کر لی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزم کادفعہ 342 کا بیان قلمبند کروانے کی ہدایت جاری کر دی۔ دریں اثناء انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے توڑ پھوڑ کیس میں بجٹ سیشن میں مصروفیت کے باعث وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 6 جون تک ملتوی کر دی۔دورانسماعت پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب اپنے وکیل بابر اعوان کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے جبکہ علی نواز اعوان انسداد دہشت گردی عدالت پیش ہوئے۔ عدالت نے کیس کی سماعت بغیر کارروائی 6 جون تک ملتوی کر دی۔