چیف جسٹس نے تحفے میں ملا قیمتی قلم توشہ خانہ میں جمع کروا دیا

21 مئی ، 2024

اسلام آ باد (آئی این پی ) چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسی نے تحفے میں ملنے والا قیمتی قلم توشہ خانہ میں جمع کروا دیا۔ چیف جسٹس نے قیمتی قلم وزیراعظم کی منظوری کے بعد سپریم کورٹ میوزیم میں رکھوا دیا ۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو رابطہ عالم اسلام کے سیکرٹری شیخ محمد بن کریم عیسیٰ کی جانب سے قیمتی قلم کا تحفہ دیا گیا تھا جسے انہوں نے توشہ خانہ میں جمع کروا دیا۔ چیف جسٹس پاکستان کے سیکرٹری نے قیمتی قلم کا تحفہ سپریم کورٹ میوزیم میں رکھوانے کیلئے سیکرٹری کابینہ ڈویژن کو خط لکھا تھا، سیکرٹری کابینہ ڈویژن نے وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو ملنے والا قلم کا تحفہ سپریم کورٹ میوزیم میں رکھنے کی اجازت دیدی۔ یاد رہے کہ رابطہ عالم اسلام کے سیکرٹری شیخ محمد بن کریم عیسیٰ نے 8 اپریل 2024 کو چیف جسٹس سے ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو قیمتی تحفہ بھی پیش کیا تھا۔