حکومت ملک بھر میں سولرائزیشن کی حوصلہ افزائی کریگی‘ وزیر توانائی

21 مئی ، 2024

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ حکومت سولرائزیشن کی حوصلہ افزائی کا عزم کئے ہوئے ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف زیادہ سے زیادہ شمسی توانائی پیدا کرنے کے حامی ہیں۔ نیٹ میٹرنگ کنکشن ہولڈرز کی حوصلہ شکنی نہیں حوصلہ افزائی کی جائیگی۔ اُنہوں نے ایک نجی چینل کو انٹرویو میں کہا کہ عوام سنی سنائی باتوں اور سوشل میڈیا کے پراپیگنڈے پر کان نہ دھریں۔ دریں اثناء بجلی کمپنیوں کے ذرائع کے مطابق نیٹ میٹرنگ کنکشن ہولڈرز کو ڈسکوز کی پچاس سے ستر فیصد بجلی استعمال کرانے کی تجویز پر غور جاری ہے۔ حکومت نے بجلی کی قلت اور مہنگائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے آئی ایم ایف کو اپنے پلان سے آگاہ کر دیا ہے۔ آئی پی پیز کو ادائیگی کیلئے نیٹ میٹرنگ پالیسی ختم کرنا سولرائزیشن سسٹم کو ناکام بنانے کی کوشش ہو گی۔ حکومت پاکستان نے سولر پینل لگانے والوں کا فائدہ کم کرنے کی تیاری شروع کر دی۔