9 مئی ،منصوبہ بندی میں جنرل فیض ملوث ہیں،فیصل واؤڈا

21 مئی ، 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ) سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واوڈانے جیوکے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میرسے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے دعوے پر قائم ہوں، نو مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی میں جنرل فیض ملوث ہیں، جب نو مئی کا کیس کھلے گا تو ثبوت پیش کردوں گا میرے پاس مواد ہے ۔ پروگرام میں تحریک انصاف کے رہنما زین قریشی اور فیصل واوڈا نے اتفاق کیا ہے کہ حکومت اور عدلیہ میں محاذ آرائی کا حل آئین پر عملدرآمد کرنے میں ہے۔ میزبان حامد میر نے بتایا کہ ڈی چوک پر غزہ میں اسرائیلی بمباری کیخلاف دھرنا دینے والے ملازمین پر رات میں گاڑی چلادی گئی جس میں دو افراد شہید ہوگئے، اس واقعہ کی بڑی عجیب و غریب ایف آئی آر درج ہوئی ہے جس میں ملزم کی ولدیت کا ہی پتا نہیں چل رہا ہے۔